98
معزول شامی صدر بشار الاسد کو زہر دے کر قتل کرنے کی مبینہ کوشش
شام کے معزول صدر بشار الاسد کو ماسکو میں مبینہ طور پر زہر دیے جانے کا سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، روس کے دارالحکومت میں بشار الاسد کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ جنرل ایس وی آر نامی ایک آن لائن اکاؤنٹ، جس کے بارے میں کہا جاتا…
شام کے معزول صدر بشار الاسد کو ماسکو میں مبینہ طور پر زہر دیے جانے کا سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، روس کے دارالحکومت میں بشار الاسد کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
جنرل ایس وی آر نامی ایک آن لائن اکاؤنٹ، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ایک سابق روسی اعلیٰ جاسوس چلا رہا ہے، نے دعویٰ کیا ہے کہ بشار الاسد اتوار کے روز ماسکو میں شدید بیمار ہو گئے تھے۔ 59 سالہ سابق صدر نے شدید کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی، جس کے بعد فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق، بشار الاسد کا علاج ان کے اپارٹمنٹ میں کیا گیا، اور پیر تک ان کی حالت مستحکم ہو گئی تھی۔ طبی ٹیسٹ کے ذریعے ان کے جسم میں زہر کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔ تاہم، اس معلومات کے ذرائع کے حوالے سے کوئی واضح شواہد پیش نہیں کیے گئے ہیں۔
روس کی حکومت نے اس معاملے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، نہ ہی اس واقعے کی تصدیق یا تردید کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ دسمبر میں دمشق پر اپوزیشن کے قبضے سے قبل ہی بشار الاسد اپنے خاندان سمیت روس منتقل ہو گئے تھے، جہاں انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پناہ دی گئی تھی۔
یہ واقعہ بین الاقوامی سطح پر بحث کا موضوع بن چکا ہے، لیکن اس مبینہ سازش کے پیچھے موجود حقائق اور مقاصد اب بھی پردہ راز میں ہیں۔ ماہرین اور تجزیہ کار اس صورتحال کو خطے میں جاری سیاسی کشمکش کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔