نئے سال کا آغاز نیوزی لینڈ میں ہوا، جہاں رات 12 بجتے ہی کلینڈر تبدیل ہوا اور یکم جنوری 2025ء کا جشن شاندار آتش بازی کے ساتھ منایا گیا۔ آکلینڈ کے آسمان پر روشنیوں کا دلکش منظر دیکھنے والوں کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گیا۔
نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا میں بھی سالِ نو کا آغاز ہوا۔ سڈنی میں اوپیرا ہاؤس اور ہاربر برج کے آس پاس ہزاروں افراد نے نئے سال کو خوش آمدید کہا، جہاں آتش بازی کے شاندار مظاہرے نے رات کو روشن کر دیا۔
دنیا بھر میں سالِ نو کا آغاز وقت کے فرق کی وجہ سے مختلف اوقات میں ہوتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سب سے پہلے سالِ نو کا استقبال وسطی بحر الکاہل کے جزائر میں کیا جاتا ہے، جن میں زیادہ تر غیر آباد جزیرے شامل ہیں، جیسے کریتیمتی، جو ‘کرسمس جزیرہ’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
اسی طرح، سالِ نو کا اختتام سب سے آخر میں ہوائی کے جنوب مغرب میں واقع غیر آباد جزائر، بیکر آئی لینڈ اور ہاؤلینڈ آئی لینڈ پر ہوتا ہے، جہاں 2025ء کا آغاز دنیا کے دیگر حصوں کے مقابلے میں کئی گھنٹے بعد ہوگا۔
یہ عالمی ترتیب نہ صرف زمین کے جغرافیائی تنوع کو نمایاں کرتی ہے بلکہ مختلف ثقافتوں کے انداز میں سالِ نو کی تقریبات کو بھی منفرد بناتی ہے۔