23 رَبيع الأوّل / September 05

کینیا کے صدر ولیم روٹو نے بھارتی کیمیکل کمپنی ٹاٹا کیمیکل کو ملک میں کام جاری رکھنے سے روکنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ولیم روٹو کے مطابق ٹاٹا کیمیکل مقامی صنعتوں میں خاطر خواہ سرمایہ کاری اور کینیا کے معدنی وسائل سے مقامی شہریوں کو مناسب فائدہ پہنچانے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کمپنی کئی دہائیوں سے جھیل ماگادی سے قدرتی وسائل نکال رہی ہے، تاہم اس دوران علاقے میں مقامی سطح پر کوئی خاطر خواہ کارخانہ قائم نہیں کیا گیا اور نہ ہی روزگار کے مناسب مواقع پیدا کیے گئے۔

کینیا کے صدر کا کہنا تھا کہ ملکی قدرتی وسائل سے مقامی آبادی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچنا چاہیے اور سرمایہ کاری کے ذریعے مقامی صنعتوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔

صدر ولیم روٹو نے اعلان کیا کہ ٹاٹا کیمیکل کی جگہ دو نئی کمپنیوں کو کام کرنے کا موقع دیا جائے گا، تاہم ان کمپنیوں کے نام اور منصوبے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

واضح رہے کہ کینیا میں قدرتی وسائل کے استعمال اور مقامی آبادی کو معاشی فوائد کی فراہمی کا معاملہ طویل عرصے سے اہم موضوع رہا ہے۔