23 رَبيع الأوّل / September 05

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے سندھ کی تقسیم یا نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تجاویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صورت سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیا جائے گا۔

سجاول کے گاؤں حاجی احمد سومرو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں سے متعلق معاملہ ختم ہونا چاہیے اور سندھ کی تقسیم کی باتیں کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم سے متعلق باتیں کرنے کے بجائے صوبے کے بنیادی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کی باتیں ہونے کی ذمہ داری بھی سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں پیدا ہونے والے سیاسی معاملات اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی سندھ کی تقسیم کے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرے گی اور صوبے کی وحدت برقرار رکھنے کے لیے اپنا مؤقف جاری رکھے گی۔