21 رَبيع الأوّل / September 03

کویتی حکام نے کہا ہے کہ ایرانی حملوں کے دوران ایک ڈرون رہائشی کمپلیکس سے ٹکرا گیا، جس کے باعث عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

کویتی حکام کے مطابق ڈرون کے ٹکرانے کے بعد رہائشی کمپلیکس میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق علی السالم ایئر بیس پر میزائل اور ڈرون حملہ کیا گیا، جہاں امریکی کمانڈروں کی رہائش گاہیں اور کیمپ موجود ہیں۔

ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ علی السالم ایئر بیس پر موجود کئی امریکی ڈرون طیارے بھی تباہ کیے گئے۔

تاہم ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

واقعے کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات اور شہری علاقوں کی سیکیورٹی پر بھی توجہ بڑھ گئی ہے۔