118
کینیڈین کیڈٹس پر پیٹ ہیگستھ کی پوسٹ، امریکا میں بھی تنقید اور کینیڈا میں شدید ردعمل
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کی کینیڈین کیڈٹس سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ پر کینیڈا میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، جبکہ کینیڈین حکام اور مختلف حلقوں نے بھی اس پر تنقید کی ہے۔ پیٹ ہیگستھ نے پیر کو برٹش کولمبیا کے شہر ورنن میں قائم کیڈٹ تربیتی مرکز کی 2 نوجوان خواتین کی تصویر…
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کی کینیڈین کیڈٹس سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ پر کینیڈا میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، جبکہ کینیڈین حکام اور مختلف حلقوں نے بھی اس پر تنقید کی ہے۔
پیٹ ہیگستھ نے پیر کو برٹش کولمبیا کے شہر ورنن میں قائم کیڈٹ تربیتی مرکز کی 2 نوجوان خواتین کی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے مختصر کیپشن ’یہ حقیقت ہے‘ لکھا اور کینیڈا کے پرچم کا ایموجی بھی شامل کیا۔
ہیگستھ کی پوسٹ کے بعد کینیڈین کیڈٹس کی ظاہری شکل سے متعلق توہین آمیز تبصرے سامنے آئے، جس پر ناقدین نے امریکی وزیرِ دفاع کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ نوجوان کیڈٹس کو نشانہ بنانا اور اس کے ذریعے کینیڈا کو بدنام کرنا نامناسب عمل ہے۔
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں کی جانب سے کینیڈا کی فوج کو بدنام کرنے والے بیانات ان کے منصب کے شایانِ شان نہیں۔
برٹش کولمبیا کے وزیرِ اعلیٰ ڈیوڈ ایبی نے بھی پیٹ ہیگستھ اور امریکی محکمۂ دفاع کے ردعمل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اسے امریکی قیادت کے غیر سنجیدہ، عجیب اور غیر پیشہ ورانہ رویے سے تعبیر کیا۔
دوسری جانب امریکی محکمۂ دفاع کے نائب ترجمان جیکب بلس نے تنازع پر کہا کہ ’ایکس‘ پر کی گئی پوسٹ خود سب کچھ بیان کرتی ہے۔
کینیڈا کی آرمی کیڈٹ لیگ نے بھی سوشل میڈیا پر ہونے والی ہراسانی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بہتری اور کمیونٹی کی خدمت کے لیے کام کرنے والے نوجوانوں کے خلاف توہین آمیز تبصرے ناقابلِ قبول ہیں۔
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تجارتی مذاکرات میں تعطل اور ٹرمپ انتظامیہ کے بعض عہدیداروں کی جانب سے کینیڈا کی فوج پر تنقیدی بیانات کے باعث امریکا اور کینیڈا کے تعلقات میں پہلے ہی کشیدگی پائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا کا کیڈٹ پروگرام 12 سے 18 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے ہے، جہاں انہیں تربیت، قیادت اور کمیونٹی سروس سمیت مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔








