21 رَبيع الأوّل / September 03

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوششوں کی تردید کرتے ہوئے آبنائے ہرمز پر تقریباً مکمل کنٹرول حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش نہیں کر رہا۔

امریکی صدر نے ان رپورٹس کو بھی مسترد کر دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ واشنگٹن تہران کے ساتھ کسی نئے معاہدے کا خواہاں ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں امریکا کی موجودہ پوزیشن زیادہ بہتر دکھائی دیتی ہے، کیونکہ ان کے بقول آبنائے ہرمز پر تقریباً مکمل کنٹرول حاصل ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کی معیشت مکمل تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے اور ملک ایک ’ناقابلِ تلافی انجام‘ کی طرف جا رہا ہے۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں سوال اٹھایا کہ ایرانی عوام کب اٹھ کھڑے ہوں گے اور مزاحمت کریں گے؟

ٹرمپ کے تازہ بیان میں ایران، آبنائے ہرمز اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی سے متعلق واشنگٹن کے مؤقف کو ایک بار پھر واضح کیا گیا ہے۔