15 رَبيع الأوّل / August 28

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات 2026ء کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں کونکورڈیا کالج گلشنِ حدید کیمپس کی طالبہ جنت بنت علی دوست نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جنت بنت علی دوست نے 1100 میں سے 1005 نمبر حاصل کرکے اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

نتائج کے مطابق آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالبعلم حمزہ شکیل نے 1003 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ بحریہ کالج ایم ٹی خان روڈ کی طالبہ لائبہ ذوالفقار نے 989 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

تینوں پوزیشن ہولڈرز نے اے ون گریڈ حاصل کیا۔

ناظمِ امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات کے لیے 18 ہزار 913 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 18 ہزار 591 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔

ان میں سے 10 ہزار 511 امیدوار کامیاب قرار پائے، یوں کامیابی کا مجموعی تناسب 56.54 فیصد رہا۔

نتائج کے مطابق 748 امیدوار اے ون گریڈ، 2 ہزار 193 امیدوار اے گریڈ، 3 ہزار 184 امیدوار بی گریڈ، 3 ہزار 76 امیدوار سی گریڈ، ایک ہزار 280 امیدوار ڈی گریڈ جبکہ 20 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔

چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پری انجینئرنگ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد سائنس جنرل گروپ میں بھی اسی کالج کے طالبعلم کا دوسری پوزیشن حاصل کرنا طلبہ، اساتذہ اور پرنسپل کی محنت اور بہترین رہنمائی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کی نمایاں کامیابیاں سندھ میں تعلیمی معیار میں بہتری کی عکاسی کرتی ہیں۔