118
مریم نواز کا بڑا اعلان، پنجاب میں شہریوں کے بیشتر کام آن لائن ہوں گے
لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ شہری سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے آن لائن درخواستیں جمع کروائیں، ان کے کام بھی آن لائن مکمل کیے جائیں گے۔ آئی ٹی بورڈ اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی…
لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ شہری سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے آن لائن درخواستیں جمع کروائیں، ان کے کام بھی آن لائن مکمل کیے جائیں گے۔
آئی ٹی بورڈ اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صوبے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ حکومت پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے بغیر ترقی ممکن نہیں، دنیا تیزی سے اے آئی کے شعبے میں آگے بڑھ رہی ہے، اس لیے پنجاب کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب کی تمام وزارتوں اور محکموں کو ایک پورٹل پر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ ایک لاکھ 17 ہزار کاروباروں کو اجازت بھی دی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں 15 دن کے اندر کاروبار کی اجازت ملنے کا تصور بھی مشکل تھا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی کاروباری برادری حکومت کے لیے انتہائی اہم ہے، شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں، آن لائن درخواست دیں اور کام بھی آن لائن مکمل ہوگا۔
مریم نواز کے مطابق شہری ’مریم کی دستک‘ سروس کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں اور 2 سے 3 دن میں متعلقہ دستاویزات ان کے گھر پہنچ جائیں گی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے سیوریج نظام کو بہتر اور جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گجرات میں ریکارڈ بارش کے باوجود پانی دو گھنٹے میں نکال دیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب کے شہروں کی نگرانی کی جا رہی ہے اور نکاسیِ آب کے مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے ہیں۔
مریم نواز نے بدعنوانی کے خاتمے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے پیسے کو رشوت اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔








