118
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی بیرونی سیکیورٹی ہٹا دی گئی
نئی دہلی میں بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر موجود بیرونی سیکیورٹی حصار ختم کرتے ہوئے رکاوٹیں اور حفاظتی تنصیبات ہٹا دیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت کے باہر نصب رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، جبکہ ٹریفک کے لیے لگائے گئے حفاظتی ستون بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔…
نئی دہلی میں بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر موجود بیرونی سیکیورٹی حصار ختم کرتے ہوئے رکاوٹیں اور حفاظتی تنصیبات ہٹا دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت کے باہر نصب رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، جبکہ ٹریفک کے لیے لگائے گئے حفاظتی ستون بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پاکستانی ویزا سیکشن کے باہر لوگوں کی قطاروں کے لیے قائم احاطہ بھی توڑ دیا گیا ہے۔ بھارتی حکام کی جانب سے تاحال سیکیورٹی ہٹانے کی باضابطہ وجہ سامنے نہیں آئی۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی کشمیر سے متعلق امریکی سفیر کے بیان پر پاکستان کی جانب سے کیے گئے احتجاج کے بعد سامنے آئی ہے۔
گزشتہ روز پاکستان نے امریکی ناظم الامور کو دفترِ خارجہ طلب کرکے امریکی سفیر کے کشمیر سے متعلق بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
دفترِ خارجہ کے اعلامیے کے مطابق امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کو طلب کیا گیا اور انہیں امریکی سفیر کے غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ریمارکس پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔
پاکستانی حکام نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے والے امریکی سفیر کے بیان کو پاکستان سختی سے مسترد کرتا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی کشیدگی کے تناظر میں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی سیکیورٹی میں تبدیلی کے اس اقدام کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم بھارتی حکام کی جانب سے اس کی باضابطہ وضاحت سامنے آنا باقی ہے۔








