118
بھارت: اسکول کا مڈ ڈے میل کھانے سے 40 طلبہ کی طبیعت خراب
بھارتی ریاست بہار کے ایک اسکول میں مڈ ڈے میل کے دوران مبینہ طور پر نمک کے بجائے ڈٹرجنٹ پاؤڈر شامل کھانا کھانے سے 40 طلبہ کی طبیعت خراب ہوگئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اسکول میں طلبہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے میں نمک کے بجائے غلطی سے ڈٹرجنٹ پاؤڈر شامل ہوگیا، جس کے…
بھارتی ریاست بہار کے ایک اسکول میں مڈ ڈے میل کے دوران مبینہ طور پر نمک کے بجائے ڈٹرجنٹ پاؤڈر شامل کھانا کھانے سے 40 طلبہ کی طبیعت خراب ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اسکول میں طلبہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے میں نمک کے بجائے غلطی سے ڈٹرجنٹ پاؤڈر شامل ہوگیا، جس کے بعد متعدد طلبہ نے کھانا کھانے کے بعد طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی۔
اسکول ٹیچر کے مطابق مڈ ڈے میل دوسرے اسکول سے فراہم کیا گیا تھا۔ سبزی میں نمک کم ہونے کی شکایت پر طلبہ کو مبینہ طور پر غلطی سے ڈٹرجنٹ پاؤڈر دے دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق کھانا کھانے کے بعد طلبہ کو پیٹ میں درد اور الٹی کی شکایات ہوئیں، جس کے بعد متاثرہ بچوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفصیلات جمع کرنا شروع کردی ہیں اور کھانے میں ڈٹرجنٹ پاؤڈر شامل ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری اور کھانے کی تیاری و ترسیل کے عمل کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔








