12 جُمادى الأولى / November 15
26105739a2ac5ec

اداکارہ اشنا شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ’آپریشن گولڈاسمتھ‘ ٹرینڈنگ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ عمران خان نہیں بلکہ پاکستان جمائما کا سابق شوہر ہے۔‘

اداکارہ نے اپنے ردعمل کا اظہار بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی ٹوئٹ پر کیا جہاں جمائما نے اپنی ٹوئٹ میں دو اسکرین شاٹ شئیر کیے تھے۔

ان میں ایک پاکستان میں ’آپریشن گولڈاسمتھ‘ ٹرینڈنگ کا اسکرین شاٹ تھا اور دوسری فاطمہ زہرہ نامی صارف کی ٹوئٹ تھی جس میں ہیش ٹیگ ’آپریشن گولڈ اسمتھ کے ساتھ ایک کارٹون دکھایا گیا ہے جس میں عمران خان کھڑے ہیں اور ان کے سامنے پھانسی کا پھندا ہے جس پر لکھا گیا ہے ’9مئی‘۔

جمائما نے اس ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں کنفیوز ہوں، کیا آپریشن گولڈ اسمتھ عمران خان کو اقتدار سے باہر رکھنے کے لیے کیا جارہا ہے؟

اس ٹوئٹ کے جواب میں اداکارہ اشنا شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ ’عمران خان نہیں بلکہ پاکستان سابق شوہر ہے، ان کی طلاق کے کئی سال بعد بھی انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔‘

اداکارہ نے مشورہ دیا کہ ’جمائما کو پورے ملک کے لوگوں کے خلاف حکم امتناع کی استدعا کرنی چاہیے۔‘

خیال رہے کہ عمران خان نے جمائما گولڈ اسمتھ سے 1995 میں شادی کی تھی تاہم دونوں کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی تھی، جس کے بعد جمائما اپنے وطن واپس لوٹ گئیں تاہم وہ اکثر پاکستان سے متعلق مختلف موضوعات پر بات کرتی رہتی ہیں اور وہ سوشل میڈیا پراپنے پاکستانی فالوورزکے ساتھ بھرپور طریقے سے جڑی رہتی ہیں۔