9 رَجَب / December 29

راولپنڈی کے سرکاری اسکول میں دہشت گردی سے نمٹنے کی فرضی مشق

راولپنڈی — گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول لوکو شیڈ میں 18 دسمبر 2025 کو دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک فرضی مشق (موک ایکسرسائز) منعقد کی گئی، جس کا اہتمام پنجاب پولیس کی جانب سے کیا گیا۔

اس مشق میں پنجاب پولیس کے علاوہ سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ مشق کے دوران اسکول کے طلبہ اور اساتذہ کو ہنگامی صورتحال میں حفاظتی اقدامات، ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور بروقت ردِعمل سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔

فرضی مشق کے دوران مختلف صورتحال کو پیش کیا گیا، جن میں مشتبہ افراد سے نمٹنے، بم کی اطلاع پر حفاظتی اقدامات اور زخمیوں کو محفوظ طریقے سے نکالنے کے مراحل شامل تھے۔ اس عملی مظاہرے کا مقصد تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی شعور کو فروغ دینا اور طلبہ و اساتذہ کو کسی بھی ہنگامی حالت میں درست طرزِ عمل سے آگاہ کرنا تھا۔

مشق کے اختتام پر شریک اداروں کے نمائندوں نے اسکول انتظامیہ، پرنسپل اور عملے کے تعاون اور بروقت انتظامات کو سراہا۔ اسکول کے پرنسپل محمد سعید نے اس موقع پر پنجاب پولیس اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلبہ اور اساتذہ کے لیے نہایت مفید ہیں اور ان سے نہ صرف آگاہی بڑھتی ہے بلکہ اعتماد بھی پیدا ہوتا ہے۔

منتظمین کے مطابق اس طرح کی فرضی مشقیں تعلیمی اداروں میں حفاظتی تیاریوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔