98
راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے
راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، رین ایمرجنسی نافذ پاکستان کے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہفتے کی صبح ہونے والی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے اور کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ راولپنڈی کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی…
راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، رین ایمرجنسی نافذ
پاکستان کے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہفتے کی صبح ہونے والی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے اور کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
راولپنڈی کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی فیز 8 سمیت ملحقہ دیہات میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ متاثر ہونے والے دیہات میں باغ راجگان، کھڑکن اور سوہاوہ شامل ہیں۔
شہر کی مختلف سڑکوں پر بھی پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اڈیالہ سرکل، بسکٹ فیکٹری چوک، خواجہ کارپوریشن، سول لائنز سرکل اور یونیورسٹی چوک سمیت متعدد مقامات پر ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔ شہریوں کو احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
شدید بارش کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا سلیم اشرف کے مطابق عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور تمام عملہ ہائی الرٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی مجموعی صورتحال قابو میں ہے اور کسی بڑے خطرے کی اطلاع نہیں ملی۔
ان کے مطابق ندی نالوں میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ نالہ لئی کی نگرانی کی جا رہی ہے جہاں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 6 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 5 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
نشر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق سید پور میں 40 ملی میٹر، گولڑہ اور شمس آباد میں 15 ملی میٹر جبکہ کچہری کے علاقے میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری اور اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ نکاسیِ آب کے کام میں تاخیر نہ ہو۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران برساتی نالوں سے دور رہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ہنگامی اقدامات کے لیے انتظامیہ تیار ہے۔