98
راولپنڈی: ڈرون گرنے کا واقعہ، ایک شخص شدید زخمی
راولپنڈی کی فوڈ اسٹریٹ کے قریب ڈرون گرنے سے ایک شخص زخمی، مختلف علاقوں میں تین ڈرونز تباہ راولپنڈی کی معروف فوڈ اسٹریٹ کے قریب ایک ڈرون گرنے سے ایک شہری شدید زخمی ہو گیا ہے جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے…
راولپنڈی کی فوڈ اسٹریٹ کے قریب ڈرون گرنے سے ایک شخص زخمی، مختلف علاقوں میں تین ڈرونز تباہ
راولپنڈی کی معروف فوڈ اسٹریٹ کے قریب ایک ڈرون گرنے سے ایک شہری شدید زخمی ہو گیا ہے جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈرون ایک درخت سے ٹکرانے کے بعد قریبی دکان کے اندر جا گرا، جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کے نتیجے میں دکان کے شیشے اور دیگر سامان کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ڈرون کا ملبہ تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ راولپنڈی میں مجموعی طور پر تین ڈرونز گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ دیگر مقامات میں ریس کورس ٹرانزٹ کیمپ اور اسکیم تھری شامل ہیں۔ ان ڈرونز کے گرنے کے اسباب اور ان کی نوعیت کے بارے میں تاحال کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ڈرونز کافی دیر تک فضا میں پرواز کرتے رہے، جس کے بعد وہ مختلف مقامات پر گر کر تباہ ہوئے۔
تاحال کسی گروہ یا فرد کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے اور حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا یہ مشق کے دوران پیش آنے والا واقعہ تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات موجود ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔