10 ذوالقعدة / May 08

امریکی خبر رساں ایجنسی کی تصدیق: پاکستانی فضائی کارروائی میں بھارتی طیارے مار گرائے گئے

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے ایک رپورٹ میں تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی جانب سے حالیہ فضائی کارروائی میں بھارت کے کئی جنگی طیارے مار گرائے گئے۔ رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر کے اکھنور کے علاقے میں ایک بھارتی طیارے کے ملبے کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جبکہ ضلع پلوامہ میں بھی طیارے کا ملبہ دکھایا گیا۔

یہ پیشرفت بھارت کی جانب سے پاکستان پر مبینہ میزائل حملے کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے جواب میں پاکستانی فوج نے بروقت اور موثر کارروائی کی۔ پاکستانی حکام کے مطابق، اس کارروائی کے دوران بھارت کے پانچ جنگی طیارے تباہ کیے گئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے صرف اپنے دفاع کا حق استعمال کیا اور بھارت کو اپنے وقت، مقام اور انداز سے جواب دیا جائے گا۔

فوجی ذرائع کے مطابق، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی زیرِ استعمال متعدد ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز بھی تباہ کیے گئے، جب کہ ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا گیا۔ ان کارروائیوں میں بھارتی فوج کے برنالہ، شکر گڑھ اور کوٹلی سیکٹرز میں اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان کی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فوج کا ایک انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اور ایک بٹالین ہیڈ کوارٹر بھی شدید نقصان سے دوچار ہوئے، جبکہ متعدد فوجی چیک پوسٹیں تباہ ہوگئیں۔

رپورٹس کے مطابق، بھارتی افواج نے بھاری نقصان کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے جورا، چکوٹھی اور وادی لیپا سیکٹرز میں سفید جھنڈے لہرا کر پسپائی اختیار کی، جسے بعض مبصرین جنگ بندی کی غیر رسمی علامت قرار دے رہے ہیں۔

تاحال بھارتی وزارت دفاع یا سرکاری ذرائع کی جانب سے ان دعوؤں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، اور خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔