6 ذوالقعدة / May 04

بابر اعظم اوپننگ کے لیے کیوں نہیں آئے؟ انضمام الحق نے وضاحت دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے حالیہ میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے روایتی اوپننگ پوزیشن پر نہ کھیلنے کے فیصلے پر سابق کپتان اور ٹیم کے ڈائریکٹر کرکٹ انضمام الحق نے وضاحت پیش کر دی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں اور انہوں نے خود اپنی مرضی سے بیٹنگ آرڈر تبدیل کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر آنے کا فیصلہ کیا۔ انضمام کے مطابق بابر چاہتے تھے کہ مچل اوون اوپننگ کریں اور آغاز سے ہی پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم نے ٹیم کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور 49 گیندوں پر ناقابل شکست 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

انضمام الحق نے نوجوان کھلاڑی معاذ صداقت کی کارکردگی کو بھی سراہا، جنہوں نے اپنے ڈیبیو میچ میں 33 گیندوں پر 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ معاذ اوپنر ہیں لیکن اس میچ میں مڈل آرڈر میں کھیل کر جس اعتماد کا مظاہرہ کیا، وہ قابل تعریف ہے۔

انضمام کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں مسلسل سفر اور میچز کے باوجود کھلاڑیوں کی کارکردگی پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا، کیونکہ موجودہ نظام میں تھکاوٹ کا انتظام بہتر انداز میں کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز کا ہدف دیا، جسے زلمی نے 17ویں اوور میں حاصل کر لیا۔