1 ذوالقعدة / April 29

چین نے صدر ٹرمپ کا چینی صدر سے ٹیلی فونک گفتگو کا دعویٰ مسترد کر دیا

چین کی وزارت خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ دعویٰ مسترد کر دیا ہے کہ ان کی چینی صدر شی جن پنگ سے حالیہ دنوں میں ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔

بیجنگ میں جاری کیے گئے ایک بیان میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ "چین اور امریکا کے صدور کے درمیان حالیہ دنوں میں کسی قسم کی ٹیلی فونک گفتگو نہیں ہوئی۔” ترجمان نے مزید واضح کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی محصولات (ٹیرف) سے متعلق بھی کوئی مذاکرات یا مشاورت نہیں ہوئی ہے۔

یہ ردعمل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے ایک امریکی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی چینی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے اس بیان نے ان قیاس آرائیوں کو بھی تقویت دی ہے کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی میں کمی کے آثار تاحال نظر نہیں آ رہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹیرف کے تنازعے نے عالمی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی محاذ آرائی گزشتہ چند برسوں سے جاری ہے، جس میں ایک دوسرے کی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔