1 ذوالقعدة / April 29

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کا بڑا اقدام: علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے چار رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری

لاہور – انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے خیبر پختون خوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یہ کارروائی 5 اکتوبر کو لاہور میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران پولیس پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں کی گئی ہے۔

عدالت نے علی امین گنڈاپور کے علاوہ پی ٹی آئی رہنماؤں حماد اظہر، سعید سندھو اور شہباز احمد کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق مذکورہ افراد کو متعدد بار تفتیش میں شامل ہونے کے لیے طلب کیا گیا، لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان 5 اکتوبر کے احتجاج اور اس دوران پولیس پر حملے کے واقعات میں نامزد ہیں اور ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔ عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق، یہ افراد تفتیش سے مسلسل گریزاں ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "لگتا ہے علی امین گنڈاپور کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔”

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی کے متعدد رہنما مختلف مقدمات میں قانونی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، اور سیاسی ماحول پہلے ہی شدید کشیدگی کا شکار ہے۔