1 ذوالقعدة / April 29

چار سال کی محبت… اور ایک پاسپورٹ نے سب کچھ بدل دیا! محبوبہ 27 نہیں بلکہ 47 سال کی نکلی

انٹرنیٹ پر پروان چڑھنے والی محبت کا ایک چونکا دینے والا انجام، جب ایک 26 سالہ نوجوان کو اس وقت شدید جھٹکا لگا جب اسے پتہ چلا کہ اس کی محبوبہ، جو خود کو 27 سال کی بتاتی رہی، درحقیقت 47 سال کی ہے۔

نوجوان نے اپنی کہانی ریڈٹ (Reddit) پر شیئر کی، جہاں اس نے بتایا کہ وہ خاتون کے ساتھ گزشتہ چار سال سے تعلق میں تھا۔ خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی تاریخِ پیدائش اپریل 1998 ہے، مگر حقیقت اُس وقت سامنے آئی جب اتفاقاً اس کے لیپ ٹاپ میں ایک پاسپورٹ کی تصویر دیکھی گئی — جس میں سالِ پیدائش 1977 درج تھا!

ظاہری جوانی نے دھوکے میں رکھا

نوجوان نے لکھا کہ بظاہر وہ بالکل 27 سال کی ہی لگتی تھی، اور یہی وجہ تھی کہ اسے کبھی شک نہیں ہوا۔ اگرچہ کچھ مشکوک باتیں ضرور سامنے آئیں، جیسے کہ وہ کبھی شناختی دستاویزات دکھانے پر راضی نہ ہوتی اور اس کے تمام دوست کافی بڑی عمر کے لگتے تھے۔

سوشل میڈیا پر طوفان!

واقعہ وائرل ہونے پر سوشل میڈیا پر تبصروں کا سیلاب آگیا۔
ایک صارف نے لکھا:
"اگر کوئی 4 سال تک جھوٹ بولے تو وہ محبت نہیں، فریب ہے!”
جبکہ ایک اور نے کہا:
"ایسا میک اپ کہاں ملتا ہے، جو 47 کو 27 بنا دے؟”

کئی افراد نے نوجوان کو رشتہ ختم کرنے کا مشورہ دیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ "محبت میں عمر نہیں دیکھی جاتی، مگر اعتماد ضرور دیکھا جاتا ہے۔”