98
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ: پاکستان نے کوالیفائی کر کے بڑا سنگ میل عبور کرلیا
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ: پاکستان نے کوالیفائی کر کے بڑا سنگ میل عبور کرلیا لاہور: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت میں رواں سال ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ورلڈ کپ کوالیفائر ایونٹ میں پاکستان نے مسلسل چوتھی فتح حاصل…
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ: پاکستان نے کوالیفائی کر کے بڑا سنگ میل عبور کرلیا
لاہور: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت میں رواں سال ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ورلڈ کپ کوالیفائر ایونٹ میں پاکستان نے مسلسل چوتھی فتح حاصل کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو باآسانی 87 رنز سے شکست دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔ اننگز کی ابتدا قدرے مایوس کن رہی اور گرین شرٹس کی تین وکٹیں محض 47 رنز پر گر گئیں۔ تاہم اوپنر سدرہ امین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اسکور کو مستحکم کیا۔
منیبہ علی نے 18 اور سدرہ نواز نے 11 رنز کا اضافہ کیا۔ مقررہ ہدف کے تعاقب میں تھائی لینڈ کی ٹیم پاکستان کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بے بس دکھائی دی۔ کوئی بھی بیٹر کریز پر زیادہ دیر نہ ٹک سکی اور پوری ٹیم 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ورلڈ کپ کوالیفائر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی سمیٹی اور میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں جگہ بنا لی۔
پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر کرکٹ شائقین اور سابق کھلاڑیوں نے مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ گرین شرٹس بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بھی جاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔