1 ذوالقعدة / April 29

شمالی وزیرستان میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات مؤخر، رزمک کیڈٹ کالج میں شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے

شمالی وزیرستان — بنوں ڈویژن تعلیمی بورڈ کے تحت شمالی وزیرستان میں ہونے والے نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کو طلبہ اور امتحانی عملے کی سہولت کے پیشِ نظر مؤخر کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلان بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ علاقے کی زمینی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ نہ صرف طلبہ کو ذہنی دباؤ سے بچایا جا سکے بلکہ نگراں عملے کو بھی مناسب سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ بورڈ کے مطابق امتحانات آج 8 اپریل سے شروع ہونے تھے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ رزمک کیڈٹ کالج میں شیڈول کردہ امتحانات مقررہ وقت پر ہی منعقد کیے جائیں گے، اور وہاں امتحانی سرگرمیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جبکہ طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بورڈ کی ویب سائٹ اور مقامی ذرائع ابلاغ سے اپ ڈیٹس لیتے رہیں۔

ادھر ملک کے دیگر حصوں میں امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔ کراچی میں بھی نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2025ء آج سے شروع ہو گئے ہیں۔ شہر میں مجموعی طور پر 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

کراچی میں تمام ریگولر طلبہ و طالبات کے ایڈمٹ کارڈز بورڈ کے آفیشل پورٹل پر آن لائن جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی بدنظمی سے بچا جا سکے۔