1 ذوالقعدة / April 29

ڈیوڈ وارنر کو بھارتی اداکار نے اپنے بیٹے کی طرح عزیز قرار دیا

 

بھارتی سینئر اداکار راجند پرساد نے آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو اپنے بیٹے جیسا قرار دے دیا، تاہم ایک پرانے تبصرے پر معذرت بھی کی۔

68 سالہ راجند پرساد نے حال ہی میں فلم "رابن ہڈ” کی پری ریلیز ایونٹ کے دوران ڈیوڈ وارنر پر ایک تبصرہ کیا تھا، جسے انٹرنیٹ صارفین نے توہین آمیز قرار دیا۔ اس کے بعد اداکار نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وضاحت پیش کی اور کہا کہ ان کا تبصرہ غیر ارادی تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے دوران ہم سب ہنسی مذاق کر رہے تھے اور اس موقع پر انہوں نے وارنر کو اپنے بچوں جیسا کہا تھا۔ راجند پرساد نے مزید کہا کہ ایونٹ سے پہلے وہ دونوں اپنے اپنے شعبوں پر مذاق کر رہے تھے، اور جب وارنر نے انہیں گلے لگایا، تو انہوں نے جواباً کہا کہ "اگر تم خود کو اداکار کے طور پر ثابت کر لو، تو میں تمہیں کرکٹر کے طور پر ثابت کرنے کا کہوں گا۔”

اداکار نے اس ویڈیو میں کہا کہ وہ ڈیوڈ وارنر سے محبت کرتے ہیں، ان کی کرکٹ کو پسند کرتے ہیں اور وارنر کو بھارتی فلموں اور اداکاری میں دلچسپی ہے۔ اگر ان کی کسی حرکت سے کسی کو تکلیف پہنچی ہو تو وہ معذرت خواہ ہیں اور یقین دلایا کہ ایسا دوبارہ نہیں ہوگا۔