3 ذوالقعدة / May 01

بابر اعظم کے والد کی سابق کھلاڑیوں کو تنبیہ: ’الفاظ کا چناؤ ٹھیک رکھیں‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے والد، اعظم صدیقی، ایک بار پھر اپنے بیٹے کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں اور سابق کھلاڑیوں کو الفاظ کے چناؤ میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں انہوں نے بابر اعظم کی قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے غیر موجودگی پر سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ "بابر اعظم کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں شامل کیا گیا اور انہیں کیپ ملی، لیکن اس کے باوجود وہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ڈراپ کر دیے گئے۔”

اعظم صدیقی نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "بابر نیشنل ٹی ٹوئنٹی اور پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی دکھا کر دوبارہ ٹیم میں آ جائیں گے۔” تاہم، انہوں نے کچھ سابق کرکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تبصروں میں محتاط رہیں۔

اسکرین گریب

"ایسا نہ ہو کہ پلٹ کر جواب ملے”

اعظم صدیقی نے مزید کہا کہ "ایسا نہ ہو کہ کوئی پلٹ کر جواب دے اور پھر آپ برداشت نہ کر سکیں۔ آپ ماضی کا حصہ ہیں، دوبارہ کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔”

انہوں نے اپنے کردار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا:
"لوگ کہتے ہیں کہ باپ زیادہ بولتا ہے، لیکن میں بابر کا پہلا اور آخری کوچ ہوں۔ میں اس کا مینٹور اور ترجمان بھی ہوں، اور سب سے زیادہ خیر خواہ ایک باپ ہی ہو سکتا ہے۔”

"اپنی کارکردگی پر بھی نظر ڈالیں”

بابر اعظم کے والد نے تنقید کرنے والوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا:
"جو لوگ چیخ و پکار کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ اپنے دور کی کارکردگی پر بھی ایک نظر ڈالیں۔ پی سی بی کی ویب سائٹ دیکھ لیں، عقل مندوں کے لیے اشارہ کافی ہے۔”

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کیا تھا، جس میں بابر اعظم کو ون ڈے ٹیم کا حصہ بنایا گیا، لیکن انہیں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

یہ فیصلہ کرکٹ ماہرین اور شائقین کے درمیان بحث کا باعث بنا، اور بعض سابق کھلاڑیوں نے اس پر تنقیدی تبصرے کیے، جس کے بعد اعظم صدیقی نے یہ بیان جاری کیا۔