4 ذوالقعدة / May 02

بالی وڈ اداکار سیف علی خان کی صحت میں بہتری، بہن صبا علی خان کا پیغام

بالی وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کی بہن صبا علی خان نے ان کی صحت کے حوالے سے انسٹاگرام پر ایک پیغام شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے بھائی کی حالت کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کی ہے۔

صبا علی خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر اپنے بھائی کے ساتھ وقت گزارنے کی خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ سیف علی خان آہستہ آہستہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا، "پچھلے دو دنوں میں بھائی کو مثبت رہتے ہوئے اور مستقل مزاجی کے ساتھ صحت یاب ہوتے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ان کے ساتھ وقت گزارنا بہت اچھا لگ رہا ہے۔”

یہ واقعہ 16 جنوری کو پیش آیا جب ممبئی کے علاقے باندرہ میں سیف علی خان پر ان کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران چاقو سے حملہ کیا گیا۔ حملہ آور نے سیف علی خان پر چھ بار چاقو سے وار کیے اور زخمی کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔

حملہ آور کی گرفتاری:

ممبئی پولیس نے 19 جنوری کو تقریباً 35 کلومیٹر دور جنگلاتی علاقے میں ایک لیبر کیمپ سے محمد شریف الاسلام شہزاد کو گرفتار کیا، جو اس حملے میں ملوث تھا۔ پولیس نے ایک لیبر کنٹریکٹر کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر سات گھنٹے طویل آپریشن کے بعد ملزم کو گرفتار کیا۔

پولیس حکام کے مطابق، ملزم پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ سیف علی خان کے مداحوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔