2 ذوالقعدة / April 30

برطانوی وزیراعظم کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال کے بڑے منصوبے کا اعلان

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے استعمال کے حوالے سے ایک جامع منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد برطانیہ کو دنیا میں اے آئی کے شعبے کا رہنما بنانا ہے۔

لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ "آرٹیفیشل انٹیلیجنس مستقبل نہیں بلکہ حال ہے۔ یہ پہلے ہی لوگوں کی زندگیاں بدل رہا ہے، دفاتر میں انتظامی کام آسان بنا رہا ہے، اور ٹیچرز کا پیپر ورک کم کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔”

عالمی قیادت کا عزم

وزیراعظم نے برطانیہ کے لیے ایک بڑا ہدف طے کیا ہے، جس کے تحت ملک کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا عالمی لیڈر بنایا جائے گا۔ انھوں نے برطانیہ کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "ورلڈ وائیڈ ویب بھی برطانیہ نے ہی شروع کیا تھا، اور آج ہم اے آئی میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔”

حکومتی اقدامات اور سرمایہ کاری

سر کیئر اسٹارمر نے بتایا کہ ان کی حکومت نے اب تک 25 بلین پاؤنڈ سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔ اس کے ساتھ تین اے آئی سینٹرز کی تعمیر کے لیے 14 ملین پاؤنڈ کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ان مراکز کے قیام سے نہ صرف تحقیق اور ترقی کو فروغ ملے گا بلکہ برطانیہ بھر میں 13 ہزار سے زائد نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

این ایچ ایس میں اے آئی کا استعمال

این ایچ ایس پہلے ہی چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس استعمال کر رہا ہے، جو صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف تشخیص کے عمل کو تیز کرے گی بلکہ مریضوں کی زندگیوں کو بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

یہ منصوبہ برطانیہ کو نہ صرف اقتصادی فوائد پہنچائے گا بلکہ تکنیکی ترقی کی عالمی دوڑ میں بھی ایک نمایاں مقام دلانے میں معاون ہوگا۔