2 ذوالقعدة / April 30

لاس اینجلس: جنگلاتی آگ میں ہلاکتیں 16 ہو گئیں، ہزاروں افراد بے گھر

امریکی شہر لاس اینجلس میں تاریخ کی بدترین جنگلاتی آگ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 16 تک پہنچ گئی ہے جبکہ کم از کم 13 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق آگ سے 12 ہزار سے زائد مکانات اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن چکی ہیں، اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ متاثرہ علاقے سے اب تک ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید ایک لاکھ 66 ہزار افراد کو انخلا کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

آگ پر قابو پانے کے لیے 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، 1,150 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکرز امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت کے پیش نظر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

لوٹ مار کے خدشے کے باعث متاثرہ علاقوں میں رات کے کرفیو کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

آتشزدگی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات بڑے پیمانے پر جاری ہیں۔ حکام اس واقعے کو ایک سنگین ماحولیاتی بحران قرار دے رہے ہیں، جس نے ہزاروں افراد کو بے گھر اور مقامی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔