4 ذوالقعدة / May 02

کنگنا رناوت کا فلم ’ایمرجنسی‘ کے فیصلوں پر نظرثانی کا اعتراف

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم ’ایمرجنسی‘ کے حوالے سے کئی فیصلوں کو غلط تسلیم کر لیا۔

ایک حالیہ انٹرویو میں کنگنا رناوت نے فلم کی ریلیز میں تاخیر اور دیگر چیلنجز پر کھل کر بات کی۔ سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کی زندگی پر مبنی اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی کنگنا نے اعتراف کیا کہ تھیٹر میں فلم ریلیز کرنے کا فیصلہ درست نہیں تھا، اور اسے براہِ راست او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کرنا زیادہ مناسب ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ فلم کو ریلیز سے پہلے کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے، خاص طور پر سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کی جانب سے فلم کی منظوری میں تاخیر سے وہ پریشان ہیں۔ "مجھے خدشہ ہے کہ سنسرشپ کے عمل میں فلم کے اہم مناظر نکال دیے جائیں گے،” کنگنا نے کہا۔

انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ حکومت کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے کچھ چیزوں کو معمولی سمجھا، جس میں ایک بڑی غلطی ہدایت کاری کے شعبے میں ان کا تجربہ تھا۔

کنگنا رناوت نے مزید کہا، "ہم نے سنسر بورڈ کی ہدایات کے مطابق کچھ مناظر ہٹائے اور نئی عکس بندی کی، لیکن یہ کہنا ضروری ہے کہ جو کچھ ہٹایا گیا وہ حقیقت پر مبنی تھا اور ہمارے پاس اس کے شواہد موجود ہیں۔”

اداکارہ نے کہا کہ وہ اس صورتحال سے مایوس ہیں لیکن ٹیم کے ساتھ مل کر مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ "فلم کی ریلیز میں تاخیر اور سنسر بورڈ کے سخت رویے کے باوجود ہم پرعزم ہیں کہ یہ تاریخی کہانی اپنے ناظرین تک پہنچے گی،” کنگنا نے کہا۔

فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز کی نئی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا، لیکن یہ کنگنا رناوت کے لیے ایک اہم پروجیکٹ سمجھا جا رہا ہے۔