2 ذوالقعدة / April 30

کرم: ٹل پاراچنار شاہراہ بند، کرم پریس کلب پر دھرنا جاری

ٹل پاراچنار شاہراہ آج بھی تمام قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہے، جس کے باعث مقامی افراد اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ راستوں کی بندش، بدامنی اور دہشت گردی کے خلاف کرم پریس کلب پر دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک شاہراہیں کھول کر محفوظ نہیں بنایا جاتا، دھرنا جاری رہے گا۔

دھرنے کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کرم کی شاہراہوں کو کھولا جائے اور علاقے میں امن و سکون قائم کیا جائے۔

دوسری جانب، ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ 80 گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ ابھی تک متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ نہیں ہو سکا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روڈ کلیئر ہونے کے بعد قافلے کو روانہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لوئر کرم کے علاقے بگن میں ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ محسود سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں میں 3 راہ گیر، ایک ایف سی اہلکار اور ایک پولیس اہلکار شامل ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ علاقے میں مزید بدامنی کا سبب بنا ہے، اور حکومت اس معاملے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔