11 جُمادى الأولى / November 14

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کارکنان کو جہاں رکاوٹ ملے وہیں دھرنا دے دیں، ہم ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کریں گے۔

ایک ویڈیو بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے تمام کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے کے لیے پورے ملک سے قافلے روانہ ہو چکے ہیں، تمام فسطائیت کے بعد بھی کارکنان کو کہتا ہوں کہ مینیج کریں اور دھرنے میں پہنچیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پر امن لوگ ہیں اور پر امن رہنا چاہتے ہیں، اس کی ذمہ داری حکومت پر آتی ہے کے وہ کیسے امن قائم رکھتے ہیں؟ تمام نمائندگان کو کہتا ہوں جہاں رکاوٹ ملے وہیں دھرنا دے دیں، ہم ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کریں گے۔

اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کا دھرنا و احتجاج، ٹریفک پولیس نے متبادل روٹ پلان جاری کر دیا

امیر جماعت اسلامی کے مطابق کارکنان کو کہتا ہوں رکاوٹ کے آگے دھرنا دے کر قیادت کی کال کا انتظار کریں، ہم بتائیں گے کہ عوام کی طاقت کو کنٹینر لگا کر نہیں روکا جا سکتا، ہمیں بجلی کے بل کم چاہئیں اور آئی پی پیز سے چھٹکارا چاہیے۔

دوسری جانب لاہور میں پولیس نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے لیے 60 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے۔ پولیس ذرائع کے مطابق رات گئے مارے جانے والے چھاپوں میں 110 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی سے ہے۔

پی ٹی آئی کے یاسر گیلانی اورحافظ ذیشان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ساندہ، گلشن راوی سے پکوان سینٹر، کیٹرنگ سروس اور سانڈ سسٹم سینٹر پر چھاپے مارے گئے۔

ساندہ، گلشن راوی سے پی ٹی آئی کے 11 کارکنوں کو پکڑا گیا۔ جماعت اسلامی کے متعدد کارکنوں کو بھی مختلف مقامات سے حراست میں لیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے آج احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔