98
بیل آؤٹ پیکج میں سیاسی استحکام کو مدِنظر رکھا جائے: پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط
پاکستان تحریک انصاف نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیل آؤٹ پیکج میں سیاسی استحکام کو مد نظر رکھا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب خان بدھ کی رات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے آج آئی ایم…
پاکستان تحریک انصاف نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیل آؤٹ پیکج میں سیاسی استحکام کو مد نظر رکھا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب خان بدھ کی رات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے آج آئی ایم ایف کو لیٹر لکھ دیا ہے۔
’ہم نہیں چاہتے آئی ایم ایف کے پروگرام میں رکاوٹ بنیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ جو ہماری بات ہوئی تھی صاف اور شفاف الیکشن کے حوالے سے وہ ہم نے یاددہانی کروائی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کبھی پاکستان کی معیشت کا پہیہ چلانے میں نہ روکاوٹ بنی ہے نہ بنے گی۔ ’پاکستان تحریک انصاف محب وطن جماعت ہے۔‘
’آئی ایم ایف کا پروگرام حاصل کر کے اگر پی ڈی ایم حکومت پیسہ صحیح طرح استعمال نہ کرے تو پی ٹی آئی یہ نہیں ہونے دے گی۔‘
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا پرگرام ایک منتخب حکومت ہی چلا سکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چاہتی ہے ملک کی ترقی ہو۔ ’جو قرضہ لیا جاتا ہے وہ ملک کی رفارمز کے لیے استعمال ہو۔‘
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دومارچ کو احتجاج کی کال دی ہے اور اس دن ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آئی ایم ایف نے روئٹرز کو ایک ای میل میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو ابھی خط موصول نہیں ہوا
گذشتہ ہفتے عمران خان کے معاونین نے کہا تھا کہ وہ آئی ایم ایف پر زور دیں گے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مزید بات چیت کرنے سے پہلے متنازعہ انتخابات کے آزادانہ آڈٹ کا مطالبہ کرے، تاہم آئی ایم ایف نے ملک کی سیاسی صورت حال پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔









