118
بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ مکمل، اڈیالہ جیل واپس منتقلی؛ عطاء اللّٰہ تارڑ کی وضاحت
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے بانیٔ پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقلی اور طبی معائنے سے متعلق اہم بیان جاری کردیا۔ عطاء اللّٰہ تارڑ کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہرِ…
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے بانیٔ پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقلی اور طبی معائنے سے متعلق اہم بیان جاری کردیا۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہرِ امراضِ چشم، ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ طبی معائنہ پمز اسپتال میں کیا گیا، جس کے دوران شفاء انٹرنیشنل اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ ان کے مطابق طبی معائنے میں بانیٔ پی ٹی آئی کو صحت مند قرار دیا گیا۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ شفاء انٹرنیشنل اسپتال کے باہر اور راستے میں کارکنوں کی جانب سے سیکیورٹی کی صورتحال پیدا ہونے کے پیشِ نظر بانیٔ پی ٹی آئی کو پمز اسپتال لے جایا گیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ عظمیٰ خان علاج اور طبی معائنے کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ طبی معائنے کے بعد بانیٔ پی ٹی آئی کو 21 اگست کی صبح تقریباً 5 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کردیا گیا۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے مزید کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو ماضی میں بھی طبی سہولتیں فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ضرورت پڑنے پر انہیں طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب جیل ذرائع کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کو اسپتال سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔








