11 جُمادى الأولى / October 22

کوئٹہ میں ایل پی جی کی قیمت میں مزید 10 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا، جس کے بعد قیمت 540 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گیس 570 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔

کوئٹہ میں مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق فی کلو ایل پی جی کی قیمت 530 روپے سے بڑھ کر 540 روپے ہو گئی ہے، جس سے صارفین پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔

تین روز میں ایل پی جی 120 روپے فی کلو تک مہنگی

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران کوئٹہ میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں مجموعی طور پر 120 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر کے بعض علاقوں میں ایل پی جی 540 روپے کے بجائے 570 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے گھریلو صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔

صارفین کا سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنانے کا مطالبہ

ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر صارفین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فروخت سرکاری نرخ کے مطابق یقینی بنائی جائے۔

صارفین کا مطالبہ ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 280 روپے فی کلو مقررہ نرخ کے مطابق برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

شہر میں قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ایل پی جی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے اخراجات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔